ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاست کے متعدد علاقوں میں بارش کی تباہ کاریاں ، پانچ افراد ہلاک

ریاست کے متعدد علاقوں میں بارش کی تباہ کاریاں ، پانچ افراد ہلاک

Tue, 16 May 2017 11:11:04    S.O. News Service

بنگلورو،15؍مئی(ایس او نیوز) ریاست کے مختلف مقامات پر قبل از مانسون موسلادھار بارشوں کے نتیجہ میں پانچ اموات ہوئی ہیں اور شمالی کرناٹک کے کئی علاقے بارش کی وجہ سے سیلاب کا منبع بنے ہوئے ہیں۔ طوفانی ہواؤں اور تیز بارش کے نتیجہ میں گدگ ضلع کے شرہٹی تعلقہ کے ڈوڈور دیہات میں ایک کے ایس آر ٹی سی بس پانی میں بہہ گئی۔بس میں پھنسے ہوئے پانچ افراد کو حفاظتی عملے نے بچالیا۔ باگلکوٹ ضلع کے کرسور دیہات میں بارش کے نتیجہ میں زنگ شیٹ کا ایک شیڈ گرپڑا ،جس کے نتیجہ میں 9سالہ کرے منی نامی بچی فوت ہوگئی۔ بلاری کے ناگل کیرے میں ایک گھر کی دیوار منہدم ہونے سے شیونامی بارہ سالہ بچہ ہلاک ہوگیا اور تین افراد زخمی ہوگئے۔قول بازار پولیس نے اس سلسلے میں ایک معاملہ درج کرلیاہے۔ شمالی کینرا ضلع میں ہوئی تیز بارش کے نتیجہ میں بھٹکل کی مدینہ کالونی کی ساکن صوفیہ نامی خاتون بجلی گرنے سے شہید ہوگئیں، جبکہ گھر میں سوئے ہوئے مبارک اور محمد کیف شدید طور پر زخمی ہوگئے ہیں۔ گدگ ضلع کے ہندگند ٹاؤن میں بجلی گرنے سے امبیڈکر نگر کی ساکن فقیروا فوت ہوگئی۔ ہاویری تعلقہ کے دیوگری دیہات میں 35 سالہ دیوگری مٹھ بجلی گرنے کے نتیجہ میں ہلاک ہوگیا۔ گدگ ضلع میں بارش کے سبب عام زندگی درہم برہم ہوچکی ہے، بجلی کی ترسیل منقطع ہوگئی ہے، اردگرد پانی جمع ہوجانے کے سبب گدگ کے بعض علاقے ضلع کے دیگر حصوں سے کٹ چکے ہیں، باگلکوٹ کے بلگی ٹاؤن میں پوسٹ آفس کا ایک بھاری درخت گرپڑا، جس کے نتیجہ میں اس درخت پر آباد ہزاروں پرندے ہلاک ہوگئے۔ ٹمکور ضلع کے ہولیار کے قریب سی کے باگی میں بجلی گرنے کے سبب ایک جھونپڑا تباہ ہوگیا۔ تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ گدگ ، ہبلی ، ہاویری ، کلبرگی، اور شمالی کرناٹک کے دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ چترادرگہ کے چلکیرے تعلقہ کے بکلور ہلی دیہات میں بجلی گرنے سے دس بکرے ہلاک ہوگئے۔ہاسن ضلع کے بیلور میں بارش کے سبب کئی تناور درخت اکھڑ گئے۔ ٹمکور میں بارش کے سبب 30 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ ٹاؤن میں کل بجلی کی ترسیل متاثر رہی ، اورٹریفک نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔ پچھلے چند دنوں سے بارش کے نتیجہ میں اب تک ریاست میں ہوئی اموات کی تعداد 34ہوگئی ہے۔ان میں بلاری کے چھ ، بلگاوی کے چھ ، ہبلی کے چار، ہاسن کے چار ، چکمگلور کے تین ، بنٹوال کے تین ، کلبرگی کے دو ، شمالی کینرا کے دو، ہاویری ، کوپل ، باگلکوٹ اور پتور کا ایک ایک شخص شامل ہے۔ محکمۂ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ اگلے پانچ دنوں تک بھی ریاست کے ان علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔


Share: